Live Updates

عوام سرکاری مقرر کردہ کرایوں سے زیادہ ادائیگی نہ کریں ،شرجیل انعام میمن

ہفتہ 31 مئی 2025 01:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) سندھ حکومت نے عیدالاضحیٰ کے دوران ٹرانسپورٹ کرایوں کی شکایات کے ازالے کیلئے صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی سندھ، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز اور ضلعی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے تمام افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔جمعہ کو جاری اپنے بیان میں سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر لاکھوں شہری سفر کرتے ہیں، ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم ان کی سہولت کو ترجیح دیں۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران وعملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں تاکہ عوام کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں کسی قسم کی زیادتی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ عید کے موقع پر عوام کی مجبوری کا فائدہ اٹھائے ۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جو بھی پبلک ٹرانسپورٹ میں اضافی کرایہ وصول کرتا ہوا پایا گیاتو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، عوام سرکاری مقرر کردہ کرایوں سے زیادہ ادائیگی نہ کریں ، اضافی کرایہ لینے والوں سے متعلق فوری طور افسران کو آگاہ کریں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق فیلڈ افسران کی جانب سے بروقت ردعمل نہ ملنے پر عوام ڈپٹی سیکریٹری ٹرانسپورٹ سے موبائل نمبر 0346-2522641پر براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔

Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات