سوراب میں مسلح افراد کے حملے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) ہدایت اللہ بلیدی شہید ہو گئے، ترجمان حکومت بلوچستان

ہفتہ 31 مئی 2025 01:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے کہا ہے کہ سوراب میں مسلح افراد کے حملہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) ہدایت اللہ بلیدی شہید ہو گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے جمعہ کو اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سوراب میں بینک اور انتظامی آفیسر کی رہائش گاہ پر دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش ہے، سوراب بازار میں بینک لوٹا گیا ہے مختلف سرکاری افسران کے گھر جلائے گئے ،حملہ کے دوران اے ڈی سی ریونیو ہدایت بلیدی نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، وطن کے سپاہی نے جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی مثال قائم کی،اے ڈی سی رہائشگاہ پر خواتین اور بچے موجود تھے ، حملہ ہندوستان کی پراکسیز کی کارروائی ہے، انہوں نے ریاست دشمن عناصر کی ہر کوشش ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے ،ایف سی پولیس اور لیویز علاقہ میں پہنچ گئی ہیں علاقہ میں کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔