Live Updates

فرحان سعید کی سپورٹس ویب سیریز شمشیر کا ٹریلر جاری ،آئندہ ماہ پیش کرنے کا اعلان

ہفتہ 31 مئی 2025 11:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2025ء)اداکارہ حریم فاروق اور اداکار و گلوکار فرحان سعید کی آنے والی سپورٹس ویب سیریز شمشیر کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ پیش کرنے کا اعلان کردیا گیا۔پاکستان کے قومی کھیل ہاکی پر بنائی گئی ویب سیریز میں فرحان سعید ہاکی پلیئر کے طور پر دکھائی دیں گے جو کہ بعد میں اپنی ہاکی ٹیم بھی تیار کرتے ہیں۔

ویب سیریز کے مختصر دورانیے کے ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ملک میں ہاکی جیسے قومی کھیل کو غیر اہم سمجھ کر اسے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے اور کیسے ہاکی پلیئر خستہ حال زندگی گزارنے پر مجبور رہے ہیں۔ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ فرحان سعید اپنی اہلیہ حریم فاروق کے زیورات بیچ کر ٹیلنٹڈ نوجوان ہاکی پلیئرز پر مشتمل نئی ٹیم بناتے ہیں جو کہ مشکلات کے باوجود ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

ٹریلر میں ویب سیریز کے تقریباً تمام مرکزی کرداروں کو دکھایا گیا ہے، جن میں خالد انعم اور بہروز سبزواری جیسے سینئر اداکار بھی شامل ہیں۔شمشیر کی کہانی شاہد ڈوگر نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایات شہرزادے شیخ نے دی ہے، اسے نینا کاشف نے پروڈیوس کیا ہے، ویب سیریز کو آئندہ ماہ 13جون کو اسٹریمنگ ویب سائٹ ٹیپ میڈ پر پیش کیا جائے گا۔سپورٹس ویب سیریز کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے حریم فاروق اور فرحان سعید کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ویب سیریز کو دیکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات