Live Updates

فٹ بال کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھاؤں گا‘ محسن گیلانی

جن لوگوں نے مجھے منتخب کرانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے ان کی توقعات پر پورا اتروں گا، انٹرویو

ہفتہ 31 مئی 2025 11:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2025ء)پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نومنتخب صدر محسن گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں فٹ بال کا 10 سال میں جو حال ہوا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ایک انٹرویومیں سابق فیفا ڈیولپمنٹ آفیسر محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں اور کھیل کی بہتری کے لیے ہر ممکن اپنا کردار ادا کروں گا، جن لوگوں نے مجھے منتخب کرانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے ان کی توقعات پر پورا اتروں گا، فیفا اور اے ایف سی کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے پاکستان میں فٹ بال کی بہتری کے لیے جو ٹاسک لیا تھا اسے پورا کیا اور ملک کو فٹ بال سے تعلق رکھنے والی بہترین قیادت کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام منتخب ساتھیوں کو لے کر ساتھ چلیں گے، قومی فٹ بال کی 10 سالہ خرابی کا ازالہ چند ماہ میں ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات اور مستقبل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فیفا نے پاکستانی فٹ بال کو بچانے کیلئے جو کردار ادا کیا ہے اس پر پوری پاکستانی فٹ بال برادری شکریہ ادا کرتی ہے، فٹ بال کے بنیادی سطح سے فیڈریشن کے انتخابات کا عمل بخیر و خوبی پورا ہوا، اب منتخب افراد آ گئے ہیں اور مل بیٹھ کر تمام امور طے کیے جائیں گے۔

محسن گیلانی نے کہا کہ ہم نے پاکستانی فٹ بال کے لیے پلان تیار کر لیا ہے، اب این سی جب پی ایف ایف کا انتظام ہمارے حوالے کر دے گی تو پر ہمارا کام شروع ہو گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں چار چیزوں پر فوکس کروں گا جن میں قومی ٹیم کی بہتری کے لیے اقدامات، ڈومیسٹک اسٹرکچر کی بہتری، ملک میں ہونے والے مقابلوں کو کیسے ترتیب دیا جائے اور ٹیکنیکل ڈپارٹمنٹ کو کیسے بہتر بنایا جاسکتا ہے شامل ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات