اجازت کے بغیر حج کرنا سنگین شرعی خلاف ورزی ہے، مفتی اعظم سعودی عرب

جو کوئی بھی اجازت کے بغیر حج کرتا ہے وہ مذہبی گناہ کا مرتکب ہوتا ہے، الشیخ عبدالعزیز آل الشیخ

ہفتہ 31 مئی 2025 11:50

اجازت کے بغیر حج کرنا سنگین شرعی خلاف ورزی ہے، مفتی اعظم سعودی عرب
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2025ء)سعودی عرب کے مفتی اعظم، سینئر سکالرز کی کونسل کے چیئرمین اور جنرل پریزیڈنسی برائے علمی تحقیق و افتا کے صدر الشیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا ہے کہ متعلقہ حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ خاص طور پر عبادات کے لیے سرکاری اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بات اس سال 1446 ہجری کے حج کے عازمین کے لیے ایک ہدایت میں کی۔مفتی اعظم سعودی عرب نے اس بات پر زور دیا کہ اجازت کے بغیر حج کرنا ایک سنگین شرعی خلاف ورزی ہے کیونکہ اس سے نظام اور مفاد عامہ کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ متعلقہ حج حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنا حکمران کے احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے اور خالص شریعت کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

الشیخ عبدالعزیز نے مزید کہا کہ جو کوئی بھی اجازت کے بغیر حج کرتا ہے وہ مذہبی گناہ کا مرتکب ہوتا ہے کیونکہ اس سے امن عامہ کو نقصان پہنچتا ہے اور شریعت کے ان مقاصد کو نقصان پہنچتا ہے جن کا مقصد نظم و ضبط کو برقرار رکھنا، افراتفری کو روکنا اور لوگوں کے مفادات کو حاصل کرنا ہے۔مفتی اعظم نے تمام عازمین حج پر بھی زور دیا کہ وہ وزارت صحت کی طرف سے تجویز کردہ صحت سے متعلق حفاظتی ٹیکے لگوانے کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے سکیورٹی اور صحت کے حکام کے ساتھ مکمل تعاون اور ان کی ہدایات پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور خبردار کیا کہ ہدایات پر عمل درآمد میں ناکامی حاجی کو قانونی جوابدہی سے دوچار کر سکتی ہے اور حج کے مقصد کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ اپنی تقریر کے آخر میں انہوں نے عازمین حج کے سفر میں آسانی کی دعا بھی کی۔