سی پی او کی زیر صدارت پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ریٹائر پولیس افسران کے اعزاز میں الوداعی تقریب

ہفتہ 31 مئی 2025 13:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) سی پی او سید خالد ہمدانی کی زیر صدارت پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ریٹائر ہونے والے پولیس افسران کے اعزاز میں ایک پر وقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ریٹائر ہونے والے افسران میں ڈی ایس پی ملک رفاقت حسین، ڈی ایس پی ذوالفقار علی، انسپکٹر عصمت کمال، انسپکٹر غلام شبیر اور انسپکٹر بشارت علی عباسی شامل ہیں۔

تقریب میں ایس ایس پی آپریشنز، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران افسران نے ریٹائر ہونے والے ساتھیوں کو شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس کے لیے آپ ایک قیمتی اثاثہ ہیں، آپ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپ کی پیشہ ورانہ خدمات کو پولیس اور عوام دونوں سراہتے ہیں۔ پولیس محض ایک محکمہ نہیں بلکہ ایک فیملی ہے اور آپ نے اس فیملی کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔ سی پی او نے کہا کہ افسران نے کئی دہائیوں تک محکمہ پولیس کی خدمت کی، کامیاب کیریئر کے اختتام پر آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پولیس ایک طرز زندگی ہے اور آپ نے اسے بھرپور طریقے سے نبھایا۔

ریٹائر ہونے والے افسران نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس نے ہمیں عزت دی، سروس کے دوران ہم نے ہمیشہ فرض کو ذاتی معاملات اور خاندان پر فوقیت دی۔ ہماری خدمات آئندہ بھی محکمہ، ملک و قوم کے لیے دستیاب رہیں گی۔ تقریب کے اختتام پر سی پی او راولپنڈی اور ایس ایس پی آپریشنز کی جانب سے ریٹائر ہونے والے افسران کو اعزازی شیلڈز اور تحائف پیش کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :