Live Updates

توشہ خانہ ٹو کیس بشریٰ بی بی کا احتجاجاً کمرہ عدالت آنے سے انکار ، جج کا برہمی کا اظہار

بشریٰ بی بی نے یہ کہتے ہوئے عدالت میں آنے سے انکار کیا کہ منگل کو ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی گئی،عدالت نے ساڑھے تین گھنٹے تک ملزمہ کا انتظارکرنے کے بعد سماعت تین جون تک ملتوی کر دی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 31 مئی 2025 17:16

راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 مئی 2025)توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا احتجاجاً کمرہ عدالت آنے سے انکار، جج نے برہمی کا اظہارکیا، عدالت نے ساڑھے تین گھنٹے تک ملزمہ کا انتظار کرنے کے بعد سماعت تین جون تک ملتوی کر دی، راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔

جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش کیا تاہم بشریٰ بی بی نے احتجاجاً کمرہ عدالت آنے سے انکار کیا۔ جیل حکام نے عدالت کو بتایا بشریٰ بی بی نے یہ کہتے ہوئے عدالت میں آنے سے انکار کر دیا ہے کہ منگل کو ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی گئی اس لئے وہ عدالت نہیں آئیں گی۔عدالت نے سماعت کیلئے ساڑھے 3 گھنٹے تک انتظار کیا مگر بشریٰ بی بی نہ آئیں۔

(جاری ہے)

ملزمہ کی عدم دستیابی کے باعث 4 گواہوں کے بیان ریکارڈ نہ ہو سکے۔جج شاہ رخ ارجمند نے بشریٰ بی بی کے کمرہ عدالت نہ آنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کو ایک موقع دیا جا رہا ہے وہ آئندہ سماعت پر نہ آئیں تو کیس میں ضمانت منسوخی کے احکامات جاری کئے جائیں گے۔اس موقع پراستغاثہ نے ملزمہ کی ضمانت منسوخ کرنے پر اصرار کیا۔سپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے موقف اپنایا بشری بی بی اس کیس میں ضمانت پر ہیں۔

عدالت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ان کے بغیر ہی سماعت آگے بڑھائے۔بعدازاں عدالت نے ملزمہ کو حاضری کا ایک موقع دیتے ہوئے سماعت 3 جون 2025 تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس ٹو سعودی ولی عہد کی جانب سے دئیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا تھا۔ سپیشل کورٹ سینڑل ون اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرم جرم عائد کی تھی۔

سپیشل عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے فرد جرم پڑھ کرسنائی جس کے بعد ملزمان عمران خان اور بشریٰ بی بی نے صحت جرم سے انکار کیاتھا۔عدالت میں دائرکردہ ریفرنس میں نیب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی اہلیہ سے ملکر نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 9، سب سیکشن 3 ،4،6 اور 12 کی خلاف ورزی کی تھی۔ریفرنس کے مطابق بلغاری جیولری سیٹ کی ٹوٹل قیمت تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 600 پاکستانی روپے بنتی تھی۔

جیولری سیٹ میں شامل ہار کی قیمت 5 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی تھی جبکہ جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار 600 روپے بنتی تھی۔ریفرنس میں بتایا گیا تھا کہ شواہدکےمطابق بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا، ڈپٹی ایم ایس نے 18 مئی 2021 کوایس او توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔ سیکشن افسر توشہ خانہ کو ڈکلیئر کرنے کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا لیکن سیٹ جمع نہیں کرایا گیا تھا۔ریفرنس میں مزید کہا گیا تھا کہ یکم اگست 2022 کو بورڈ میٹنگ کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پرانکوائری شروع ہوئی تھی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات