صاحبزادہ فرحان رواں سال سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹر بن گئے

29 سالہ بیٹر 2025ء میں ابتک ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں 20 اننگز میں 62.7 کی اوسط، 172.2 کے سٹرائیک ریٹ سے 1128 رنز بناچکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 31 مئی 2025 17:37

صاحبزادہ فرحان رواں سال سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹر بن گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 مئی 2025ء ) قومی ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان رواں سال سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹر بن گئے۔
29 سالہ صاحبزادہ فرحان نے گزشتہ روز بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 4 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 41 گیندوں پر 74 رنز سکور کیے۔ 
صاحبزادہ فرحان رواں سال اب تک ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں 20 اننگز میں 62.7 کی اوسط اور 172.2 کے سٹرائیک ریٹ سے 1128 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 4 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں شامل ہیں ، انہوں نے رواں سال اب تک 67 چھکے لگائے ہیں جو اب تک کسی بھی بیٹر کی جانب سے 2025ء میں چھکوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

(جاری ہے)

 
ویسٹ انڈین بیٹر نکولس پوران رواں سال 24 اننگز میں 57 چھکے لگاکر اس فہرست میں دوسرے، بنگلہ دیش کے تنزید حسین 16 اننگز میں 45 چھکے لگا کر تیسرے، جنوبی افریقی بیٹر ڈیوالڈ بریوس 16 اننگز میں 42 چھکے لگا کر چوتھے، انگلینڈ کے ایلکس ہیلز 19 اننگز میں 39 بار گیند کو بائونڈری سے باہر پہنچا کر اس فہرست میں پانچویں جب کہ نوجوان پاکستانی بیٹر حسن نواز 17 اننگز میں 39 چھکے لگا کر اس فہرست میں چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔