دوہرے قتل اور اقدام قتل کے مقدمے میں ملزم کو دو مرتبہ سزائے موت اور 13 سال قید کی سزا سنا دی گئی

ہفتہ 31 مئی 2025 17:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) دوہرے قتل اور اقدام قتل کے مقدمے میں ملزم کو دو مرتبہ سزائے موت اور 13 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ راولپنڈی کی مقامی عدالت نے دوہرے قتل، اقدام قتل اور ضرر پہنچانے کے مقدمے میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے ملزم محمد رازق کو سخت سزائیں سنا دی ہیں۔ ملزم کو مجموعی طور پر دو مرتبہ سزائے موت، 13 سال قید، 10 لاکھ روپے ہرجانہ، 2 لاکھ روپے جرمانہ اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

(جاری ہے)

محمد رازق کو قتل کے جرم میں دو بار سزائے موت اور 10 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔ اقدام قتل کے جرم میں عدالت نے 10 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جبکہ ضرر پہنچانے کے جرم میں 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔ یہ واقعہ ستمبر 2018 میں تھانہ گوجر خان کی حدود میں پیش آیا تھا جہاں معمولی تلخ کلامی کے بعد ملزم نے فائرنگ کر کے دو شہریوں کو قتل جبکہ ایک کو شدید زخمی کر دیا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد عدالتی کارروائی کے بعد اب یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔ عدالت کے اس فیصلے کو مقتولین کے لواحقین نے انصاف کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔