Live Updates

حکومت کا عوام کیلئے عید کا تحفہ

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت نے پٹرول مزید مہنگا کر دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 31 مئی 2025 23:41

حکومت کا عوام کیلئے عید کا تحفہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی2025ء) حکومت کا عوام کیلئے عید کا تحفہ، پٹرول مہنگا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود حکومت کی جانب سے عوام کو معمولی سا بھی ریلیف نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت نے پٹرول مزید مہنگا کر دیا۔ پٹرول کی فی لیٹر قیمت 1 روپے اضافے سے 253 مقرر کر دی گئی، جو 15 جون تک نافذ العمل رہے گی۔

حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ یکم جون سے حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں انتہائی معمولی کمی کر سکتی ہے، جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق یکم جون سے پٹرول کی قیمت میں 60 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قمت میں 28 پیسے فی لیٹر کی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ قیمتوں کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کے آپشن پر بھی غور کر رہی ہے۔ یوں حکومت نے پٹرول سستا کرنے کے بجائے مزید مہنگا کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 5 سال کی کم ترین سطح پر آ چکی ہیں، تاہم اس کے باوجود حکومت کی جانب سے اس کا ریلیف عوام کو منتقل نہیں کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں میں اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔

حکومت کی جانب سے پٹرولیم لیوی کو ہوشربا 100 روپے فی لیٹر مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس بھی عائد ہو سکتا ہے۔ حکومت آئندہ مالی سال کے دوران صرف پٹرولیم لیوی کی مد میں عوام کی جیبوں سے 1400 ارب روپے نکالنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان اقدامات کی صورت میں عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہونے کے باوجود عوام کو کسی قسم کا ریلیف ملنے کا امکان کم ہے۔ جبکہ پٹرولیم مصنوعات سستی نہ ہونے سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :