Live Updates

اصلاحات میں تیزی آگئی، پاکستان کو جلد معاشی طور پر مستحکم بنائیں گے، وزیراعظم

کرپشن کے انسداد اور شفافیت کے قیام کے لیے تمام ریاستی ادارے انتھک محنت کر رہے ہیں، حالیہ معاشی اعشاریے حکومتی پالیسیوں کی درست سمت کا ثبوت ہیں؛ ایف بی آر سے متعلق اجلاس میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی پیر 2 جون 2025 15:19

اصلاحات میں تیزی آگئی، پاکستان کو جلد معاشی طور پر مستحکم بنائیں گے، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون 2025ء ) وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ معرکہ حق کی تاریخ ساز فتح کے بعد اب پاکستان کو ایک مستحکم عالمی معیشت بنانے کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل مزید تیز کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور پر ایک اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے میں جاری اصلاحات، شفافیت، اور ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا، وزیراعظم نے ایف بی آر میں ہونے والی اصلاحات اور اقدامات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے لیے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت جاری کی۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) میں جاری اصلاحات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کرتے ہوئے بریفنگ دی گئی کہ فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کے نفاذ سے محصولات میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ میں اصلاحات تیزی سے جاری ہیں، عام صارفین کے لیے آسان اور ڈیجیٹل ٹیکس ریٹرن نظام جلد متعارف کرایا جا رہا ہے، اس نظام کو اردو اور دیگر مقامی زبانوں میں پیش کرنے پر بھی کام جاری ہے تاکہ صارفین کو زیادہ سہولت فراہم کی جاسکے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کہتے ہیں کہ تمام شعبوں میں ادارہ جاتی اصلاحات تیزی سے جاری ہیں اور کرپشن کے انسداد و شفافیت کے قیام کے لیے تمام ریاستی ادارے انتھک محنت کر رہے ہیں، حالیہ معاشی اعشاریے حکومتی پالیسیوں کی درست سمت کا ثبوت ہیں، فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم نے شفافیت کے فروغ اور محصولات میں اضافے کے ساتھ ساتھ کسٹمز کلیئرنس کے وقت میں بھی نمایاں کمی کی ہے، شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے لائی گئی اصلاحات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ان شا اللہ ہم پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے میں کامیاب ہوں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات