سعودی عرب، رائل کمیشن کی سربراہی میں حج آپریشن کے منصوبے جاری

ٹیکنالوجی کی مدد سے سمارٹ سلوشنز اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر زور دیا گیا ہے،حکام

اتوار 1 جون 2025 12:05

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)سعودی عرب عازمین حج کے سفری تجربے کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی آپریشنل سسٹم متعارف کرا رہا ہے۔ 'آپریشنل سسٹم' کی سربراہی رائل کمیشن کر رہا ہے۔ تاکہ مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات کے لیے بہتر انتظامات ہو سکیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق رائل کمیشن حکام نے کہاکہ ٹیکنالوجی کی مدد سے سمارٹ سلوشنز اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر زور دیا گیا ہے۔

تاکہ لاکھوں عازمین حج کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ نیز بہترین کارکردگی کا عملی مظاہرہ ہو سکے۔بتایا گیا ہے کہ مربوط ڈیجیٹل ٹولز کی مدد سے کمیشن نے کارکنوں کو با اختیار بنایا ہے۔ تاکہ فوری ریسپانس کے ذریعے عازمین حج کی خدمت کی جا سکے۔رائل کمیشن کے سی ای او صالح بن ابراہیم الراشد نے کہا 'سفر حج میں سہولیات کی فراہمی کے لیے تیاریاں کی ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں آپریشنل سرگرمیوں کے ذریعے متعلقہ حکام کو با اختیار بنایا گیا ہے۔خیال رہے فیلڈ آپریشن روم، متبادل بسیں اور افراد کے شمار کے لیے ٹولز اہم کر دار ادا کر رہے ہیں۔ تاکہ عازمین حج کی نقل و حرکت کو منظم کیا جا سکے۔ نیز اس منصوبے میں الیکٹرک سکوٹر سروسز اور مکہ ٹیکسی خدمات بھی شامل ہیں۔سعودی عرب کی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے حج 2025 میں ٹرانسپورٹ کے لیے جدید آپریشنل پلان کا نفاذ کیا ہے۔

اس سے 2.1 لاکھ سے زائد عازمین حج کو نقل و حرکت میں سہولت و آسانی میسر ہوگی۔منصوبے کے تحت 9094 بسیں 427433 عازمین حج کے سنگل ٹرپ کے لیے ، 2230 بسیں 209656 عازمین حج کے ڈبل ٹرپ کے لیے خدمات فراہم کریں گی۔ جبکہ 4980 بسیں 702251 عازمین حج کو شٹل کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ہیں۔ نیز 423000 عازمین حج مشعر میٹرو لائن کا استعمال کریں گے۔اس سلسلے میں جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے سڑکوں کی تعمیر کے اہم منصوبے بھی مکمل کیے ہیں۔ جن میں 1.7 کلومیٹر رنگ روڈ ، 208 میٹر پلوں اور 3.35 کلومیٹر سروس روڈ کی تعمیر شامل ہے۔ ایک اور رنگ روڈ کے 8 کلومیٹر طویل دو فیز بھی مکمل کیے گئے ہیں۔ تاکہ عازمین حج کے سفر کو مختصر کرنے کے ساتھ ساتھ مکہ مکرمہ اور دیگر مقدس مقامات کے درمیان رابطے کو بہتر بنایا جا سکے۔