Live Updates

یونیورسٹی کیاکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران نے حلف اٹھا لیا

امید ہے معیار کو فروغ دینے میں اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی،وائس چانسلر

اتوار 1 جون 2025 13:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)وائس چانسلر آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ندیم احمد بخاری نے یونیورسٹی کیاکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران سے انکے عہدوں کا حلف لے لیا۔ حلف لینے والوں میں تنظیم کے نو منتخب عہدیدارن ڈاکٹر ریحانہ کوثر، ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ باٹنی صدر، ڈاکٹر فضل الرحمن نائب صدر، ڈاکٹر مریم صادق نائب صدر، نوید سرور جنرل سیکرٹری، محمد ظہیر کیانی سیکرٹری مالیات، محمد عبدالحفیظ جائنٹ سیکرٹری اور محمد قاسم بخاری سیکرٹری اطلاعات شامل ہیں۔

حلف برداری کی پروقار تقریب یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر چہلہ کیمپس میں منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ندیم حیدر بخاری نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا اور نئی ٹیم کو ان کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

تقریب میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ندیم بخاری نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یونیورسٹی میں تعلیم کے معیار اور باہمی تعاون کے ماحول کو فروغ دینے میں اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن اپنا تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی۔

نو منتخب عہدیداران فیکلٹی اور انتظامیہ کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہوئے طلباء کو ان کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ اہداف کے حصول میں مدد دے کر اس روایت کو جاری رکھیں۔ تقریب سے ایسوسی ایشن کی نومنتخب صدر ڈاکٹر ریحانہ کوثر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے صدر منتخب کروانے میں فیکلٹی کے ساتھیوں نے مجھ پر جس اعتماد کااظہار کیا میں اس پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔

یونیورسٹی کے تعلیمی اور تحقیقی ماحول کو مزید مستحکم بنانے کے لیے میں اپنی ٹیم کے ساتھ تندہی سے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہوں۔ ہم سب نے مل کر یونیورسٹی میں تعلیمی اور تحقیقی معیار میں مزید بہتری لانی ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے ہم مل کر ایک ٹیم کی طرح کام کریں گے۔ تقریب کے شرکاء نے نئے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور انکے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر ریحانہ کوثر نے اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کل 202 ووٹوں میں سے 129 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ انکے مدمقابل امیدوار پروفیسر ڈاکٹر طارق نے 66 ووٹ حاصل کیے جبکہ 7 ووٹ مسترد ہوئے تھے۔ ڈاکٹر ریحانہ کوثر کے پینل بقیہ تمام امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ ڈاکٹر ریحانہ کوثر یونیورسٹی کی انتہائی قابل، محنتی اور متحرک پروفیسر ہیں۔

انہوں نے پی ایچ ڈی کی ڈگری بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی سے حاصل کی اور پوسٹ ڈاکٹریٹ کی ڈگری جاپان سے حاصل کر رکھی ہے۔ وہ گزشتہ21 سال سے آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی میں اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ ڈاکٹر ریحانہ کوثر کو مختلف بین الاقوامی فورمز پر ملک کی نمائندگی کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ وہ عوامی اور سماجی حلقوں میں خاصی مقبول سمجھی جاتی ہیں۔ ڈاکٹر ریحانہ کوثر اس وقت سال 2024 تا 2026 کے لیے بوٹینیکل سوسائٹی آف پاکستان کی بھی صدر ہیں۔ علاؤہ ازیں وہ آل پاکستان بی پی ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن کی بھی مرکزی نائب صدر ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات