مسلم لیگ (ن) کا منشور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے ،سردار عامر الطاف

ریاستی نوجوانوں کو جدید فنی اور آئی ٹی تعلیم سے آراستہ کر کے انہیں خود کفیل بنایا جا رہا ہے،وزیر حکومت

اتوار 1 جون 2025 14:30

اسلام ٓباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)وزیر حکومت ٹیکنیکل ایجوکیشن و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار عامر الطاف خان نے کہا ہے کہ ریاست کے نوجوانوں کو جدید فنی اور آئی ٹی تعلیم سے آراستہ کر کے انہیں خود کفیل بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ریاست کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکیں مسلم لیگ (ن) کا منشور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے نوجوان ریاست کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کو جدید ٹیکنیکل تعلیم فراہم کرنا وقت کی ضرورت بن چکی ہے۔

سردار عامر الطاف نے کہا کہ ہم نوجوانوں کی زندگیاں بدلنے جا رہے ہیں جس کے اثرات سے ریاست کی تقدیر بھی بدل جائے گی فنی تعلیم سے نہ صرف بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہو گا بلکہ نوجوان چھوٹے بڑے کاروبار سے منسلک ہو کر خود کفیل بنیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نوجوان صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں بس انہیں مواقع اور جدید تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ٹیکنیکل ایجوکیشن سے اپنا مستقبل روشن کریں اور دنیا کو اپنا ہنر منوائیں۔

مسلم لیگ (ن) کی قیادت نوجوانوں کو ہنر مند اور روزگار سے منسلک کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ہم نوجوانوں کی زندگیاں بدلنے جا رہے ہیں، جب نوجوان بدلیں گے تو ریاست خود بخود ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گی ٹیکنیکل ایجوکیشن موجودہ دور کی سب سے بڑی ضرورت بن چکی ہے، خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں نوجوانوں کو جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے آج کا نوجوان روایتی ملازمت کا منتظر نہیں بلکہ ہنر سیکھ کر کاروبار، فری لانسنگ اور آئی ٹی انڈسٹری میں آگے بڑھ رہا ہے ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹس قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان فنی تربیت حاصل کر کے خود مختار ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں اور اگر ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار نہ لایا جائے تو ریاست ترقی نہیں کر سکتی ہمارے نوجوان کسی بھی سطح پر کسی سے کم نہیں بس انہیں پلیٹ فارم تربیت اور رہنمائی کی ضرورت ہے ہم انہیں یہ سب فراہم کر رہے ہیں کشمیری نوجوان عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیںہم صرف وعدے نہیں کر رہے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں آزاد کشمیر میں ایسا سسٹم قائم ہو گا جہاں ہر نوجوان کے پاس کوئی نہ کوئی ہنر ہو گا اور ریاست خود کفالت کی راہ پر گامزن ہو گی۔