جامشورو : موٹر وے پر ڈاکوئوں کی مسافرکوچ میں لوٹ مار، واردات کیخلاف کوچ ڈرائیور اور مسافروں کا دھرنا

اتوار 1 جون 2025 14:40

جامشورو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء) کراچی سے سانگھڑ جانے والی مسافر کوچ کو مسلح ڈاکوئوں نے لوٹ لیا، واردات کیخلاف کوچ ڈرائیور اور مسافروں نے دھرنا دے دیا۔سندھ میں امن و امان کی خراب صورتِ حال اور گزشتہ کئی برسوں میں جرائم کی شرح میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ صوبے میں چوری، ڈکیتی، لوٹ مار، ہائی وے کرائم ، اغوا برائے تاوان کی وارداتیں بڑھتی ہی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

نوری آباد کے قریب موٹر وے پر7ڈاکوں نے 30سے زائد مسافروں کو لوٹ لیا، مسافر کوچ کراچی سے سانگھڑ جارہی تھی۔رپورٹ کے مطابق 7مسلح ڈاکو مسافر بن کر کراچی سے بس میں سوار ہوئے تھے، نوری آباد کراس کرتے ہی مسلح ڈاکوں نے مسافروں کو یرغمال بنالیا۔ڈاکوئوں نے لونی کوٹ تک خواتین اور بچوں سمیت تمام مسافروں سے لوٹ مار کی، ڈاکو تمام مسافروں سے لاکھوں مالیت کی نقدی، موبائل فون اور دیگر سامان چھین کر باآسانی فرار ہوگئے۔کوچ ڈرائیور اور مسافروں نے ڈکیتی کیخلاف ایم نائن موٹر وے پر دھرنا دے دیا، مسافروں کے احتجاج کے باعث کراچی سے حیدرآباد آنے والی ٹریفک معطل ہوگئی، قومی شاہراہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔