چیمپئنز لیگ فائنل کا جشن، فرانس میں ہنگامہ آرائی کا سبب

DW ڈی ڈبلیو اتوار 1 جون 2025 18:00

چیمپئنز لیگ فائنل کا جشن، فرانس میں ہنگامہ آرائی کا سبب

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 01 جون 2025ء) فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (PSG) فٹ بال کلب کی یو ای ایف اے چیمپئنز لیگ فائنل میں تاریخی فتح کے جشن کے دوران پیرس میں ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی۔

فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق اتوار، یکم جون کی صبح تک پانچ سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ فرنچ میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق فرانس کے دارالحکومت میں بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کیے گئے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے 5,400 سکیورٹی اہلکار کو تعینات کیا گیا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خاص طور پر آتش گیر مادے استعمال کرنے والے شائقین کی گرفتاریاں کی ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس کے مطابق کئی لوگوں نے Champs-Elysees پر جوتوں کی دکان میں گھس کر اسے لوٹ لیا۔

(جاری ہے)

اس واقعے کے نتیجے میں 30 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

دو افراد ہلاک اور سینکڑوں حراست میں

بعد ازاں فرانس کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ PSG کی فتح کی تقریبات کے دوران ملک میں دو افراد ہلاک اور 559 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

وزارت کے مطابق جنوب مغربی فرانسیسی شہر ڈیکس میں، پیرس کی فتح کے جشن کے دوران ایک 17 سالہ نوجوان کو چاقو سے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا اور پیرس میں سکوٹر پر سوار ایک شخص کار کی ٹکر سے ہلاک ہو گیا۔

اس کے علاوہ گرینوبل شہر کے مرکز میں کار حادثے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق چاروں متاثرہ افراد ایک ہی خاندان کے تھے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

UEFA چیمپئنز لیگ میں PSG کی شاندار فتح

جرمن شہر میونخ میں گزشتہ شب کھیلے جانے والے چیمپئنز لیگ کے فائنل میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے اطالوی کلب انٹر میلان کو 5:0 کے کرشنگ اسکور کے ساتھ شکست دی۔ پی ایس جی نے اپنی تاریخ میں پہلی بار یورپی کپ جیتا ہے۔ اس سے قبل صرف ایک فرانسیسی کلب مارسیل 1993ء میں یہ ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوا تھا۔

ادارت: رابعہ بگٹی