عوام ایکسپریس چند روز میں دوسری بار حادثے کا شکار، ایک مسافر جاں بحق 19 زخمی

حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت متاثر نہیں ہوئی اور بعد ازاں عوام ایکسپریس کو بھی مرمت اور کلیئرنس کے بعد دوبارہ روانہ کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 17 اگست 2025 10:57

عوام ایکسپریس چند روز میں دوسری بار حادثے کا شکار، ایک مسافر جاں بحق ..
لودھراں ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست 2025ء ) عوام ایکسپریس چند روز میں دوسری بار حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق 19 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور سے کراچی کی طرف جانے والی عوام ایکسپریس ٹرین کو صوبہ پنجاب میں لودھراں جنکشن کے قریب خوفناک حادثہ پیش آیا، رات گئے حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین آگے کھڑی ہوئی مال گاڑی کے انجن سے جا ٹکرائی، اس حادثے کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق اور 19 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے، زخمیوں اور لاش کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تصادم کے باعث عوام ایکسپریس کی 5 بوگیاں ریلوے ٹریک سے اترگئیں، جن میں سے تین کو شدید نقصان پہنچا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور بوگیوں میں پھنسے مسافروں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا، تاہم حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت متاثر نہیں ہوئی اور بعد ازاں عوام ایکسپریس کو بھی مرمت اور کلیئرنس کے بعد دوبارہ روانہ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ چند روز قبل ایک حادثہ رحیم یار خان کے قریب ہوا تھا جہاں عوام ایکسپریس حدثے کا شکار ہوئی جس کی وجہ سے عوام ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اترگئی تھیں، حادثے کا شکار بوگیوں کو ٹرین سے الگ کر دیا گیا، جس کو اس وقت حادثہ ہوا جب ٹرین پشاور سے کراچی جا رہی تھی کہ اس دوران خان پور سٹی پھاٹک پر حادثے کا شکار ہوئی، حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی تھی۔