سندھ حکومت کے محکمہ کھیل و امورنوجوانان کی جانب سے نوجوانوں کیلئی'فیوچر وائس' پروگرام کا انعقاد کیا گیا

سندھ حکومت نے یہ تاریخی قدم اٹھایا ہے تاکہ نوجوان اس میدان میں بھی ملک کا نام روشن کر سکیں،عبدالعلیم لاشاری

اتوار 1 جون 2025 18:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)سندھ کے وزیر کھیل و امور نوجوانان، سردار محمد بخش مہر کی خصوصی ہدایات پر محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کی جانب سے کراچی کے نوجوانوں کے لیے ڈبنگ،وائس اوور اور آواز کے شعبے میں کیریئر کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک منفرد پروگرام "فیوچر وائس" کا انعقاد کیا. یہ پروگرام سندھ یوتھ کلب گلستان جوہر، کراچی میں منعقد کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو آواز کے فن میں اپنی صلاحیتیں دکھانے اور اس میدان میں پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔

تقریب میں سیکریٹری محکمہ کھیل عبدالعلیم لاشاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جب کہ ان کے ہمراہ ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق، محکمہ ثقافت سندھ کے ڈائریکٹر حبیب اللہ میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر عادل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر سید حبیب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر معیز احمد، فرید علی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسران اسماعیل شاہ،حاجران نواب، شکیل احمد، سنی اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "یہ ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک شاندار موقع ہے کہ وہ آواز کے فن کو نہ صرف بطور مشغلہ اپنائیں بلکہ اسے ایک سنجیدہ اور کامیاب کیریئر کے طور پر بھی دیکھیں. انہوں نے مزید کہا، آج کی دنیا میں جہاں میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، وہاں وائس آرٹسٹ، ڈبنگ آرٹسٹ، آر جے اور وائس اوور آرٹسٹ کی مانگ بڑھتی جا رہی ہے۔

عبدالعلیم لاشاری نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت نے یہ تاریخی قدم اٹھایا ہے تاکہ نوجوان اس میدان میں بھی ملک کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ "ہم مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا انعقاد جاری رکھیں گے جو نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد فراہم کریں۔ "فیوچر وائس" پروگرام میں نوجوانوں نے اپنی آواز کے ذریعے وائس آرٹسٹ، وائس ڈبنگ، آر جے اور مائیک کے ذریعے خود کو منوایا۔

شرکا نے اپنی مہارت کا بہترین مظاہرہ کیا اور ثابت کیا کہ سندھ کے نوجوانوں میں آواز کے فن کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ اس پروگرام میں مشہور کارٹون "ڈورا" کی آواز نکالنے والی معروف وائس آرٹسٹ کنزالایمان اور مشہور ترکش ڈرامی"ارطغرل غازی" کے اداکار کرولش عثمان کی ڈبنگ کرنے والے باسط فریاد سمیت کئی دیگر نامور فنکاروں نے بھی شرکت کی۔ ان فنکاروں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری نے پروگرام میں شریک آرٹسٹوں میں ایوارڈزاور تعریفی اسناد تقسیم کیں، جس سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوئی.