محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے نوجوانوں کیلئےفیوچر وائسپروگرام کا انعقاد

اتوار 1 جون 2025 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سردار محمد بخش مہر کی ہدایت پر محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کی جانب سے کراچی کے نوجوانوں کیلئے ڈبنگ،وائس اوور اور آواز کے شعبے میں کیریئر کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے منفرد پروگرام "فیوچر وائس"کا انعقاد سندھ یوتھ کلب گلستان جوہرمیں کیا گیا۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو آواز کے فن میں اپنی صلاحیتیں دکھانے اور اس میدان میں پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔

تقریب میں سیکرٹری محکمہ کھیل عبدالعلیم لاشاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ان کے ہمراہ ایڈیشنل سیکرٹری اسد اسحاق، محکمہ ثقافت سندھ کے ڈائریکٹر حبیب اللہ میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر عادل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر سید حبیب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر معیز احمد، فرید علی، ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران اسماعیل شاہ،حاجران نواب، شکیل احمد، سنی اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری نے کہاکہ یہ ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک شاندار موقع ہے کہ وہ آواز کے فن کو نہ صرف بطور مشغلہ اپنائیں بلکہ اسے ایک سنجیدہ اور کامیاب کیریئر کے طور پر بھی دیکھیں۔انہوں نے کہاکہ آج کی دنیا میں جہاں میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، وہاں وائس آرٹسٹ، ڈبنگ آرٹسٹ، آر جے اور وائس اوور آرٹسٹ کی مانگ بڑھتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے یہ تاریخی قدم اٹھایا ہے تاکہ نوجوان اس میدان میں بھی ملک کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہم مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا انعقاد جاری رکھیں گے جو نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ فیوچر وائس پروگرام میں نوجوانوں نے اپنی آواز کے ذریعے وائس آرٹسٹ، وائس ڈبنگ، آر جے اور مائیک کے ذریعے خود کو منوایا۔ اس پروگرام میں مشہور کارٹون "ڈورا" کی آواز نکالنے والی معروف وائس آرٹسٹ کنزالایمان اور مشہور ترکش ڈرامے"ارطغرل غازی" کے اداکار کرولش عثمان کی ڈبنگ کرنے والے باسط فریاد سمیت کئی دیگر نامور فنکاروں نے شرکت کی۔