اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں پسماندہ علاقوں کو ترقی کے میدان میں آگے لانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی،وزیراعلی خیبرپختونخوا

اتوار 1 جون 2025 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری سے متعلق نو گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلی ہاؤس پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیراعلی کے مشیر برائے خزانہ کے علاوہ چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس میں نئے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کےلئے مختلف محکموں کے مجوزہ منصوبوں پر طویل غوروخوض کیا گیا، ان محکموں میں منصوبہ بندی، مواصلات، بلدیات، تعلیم، صحت، آبپاشی اور آبنوشی شامل ہیں، اجلاس میں ان محکموں کے تمام مجوزہ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، نئے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کےلئے مذکورہ محکموں کے مجوزہ منصوبوں کو حتمی شکل دی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت کا نیا سالانہ ترقیاتی پروگرام ایک وژنری پروگرام ہوگا، یہ اگلے چار سالوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کےلئے بنیاد فراہم کرے گا، اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کو منتخب عوامی نمائندوں کی تجاویز کی روشنی میں حتمی شکل دی جائے گی، حلقوں کی عوامی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں نئے منصوبے شامل کئے جائیں گےجبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں وسیع عوامی مفاد کے ٹھوس اور قابل عمل منصوبے شامل کئے جائیں گے، اگلے مالی سال کے ترقیاتی فنڈز کا بیشتر حصہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے مختص کیا جائے گا۔

وزیراعلی نے کہا کہ 80 فیصد یا اس سے زیادہ پراگریس والے جاری منصوبوں کو اگلے سال مکمل کیا جائے گا، اس سے کم و بیش 50 فیصد جاری ترقیاتی منصوبے اگلے سال مکمل ہوجائیں گے، نیا سالانہ ترقیاتی پروگرام حقیقت پسندانہ اور وسیع عوامی ضروریات سے ہم آہنگ ہوگا، ہم آگے دوڑ پیچھے چھوڑ والا کام نہیں کریں گے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا دانشمندانہ اور موثر استعمال یقینی بنایا جائے گا، بحیثیت وزیراعلی صوبے کا ہر حلقہ میرا حلقہ ہے، ترقیاتی منصوبوں میں بھی علاقے کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کو ترقی کے میدان میں آگے لانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔