وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی زیر صدارت پشین میں صحت کے شعبے سے متعلق اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس

اتوار 1 جون 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی زیر صدارت ضلع پشین کے صحت کے نظام کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی، اسپیشل سیکرٹری صحت شہیک بلوچ، ایڈیشنل سیکریٹری سروسز، ایڈیشنل سیکریٹری ڈویلپمنٹ-I، ایڈیشنل سیکریٹری ڈویلپمنٹ-II، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، سی ای او پی پی ایچ آئی، ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ رکسان ڈویژن، صوبائی کوآرڈینیٹرز برائے ای پی آئی، ٹی بی، ایم این سی ایچ، ایم سی ایچ، ملیریا، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشین، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پشین اور ڈسٹرکٹ سپورٹ مینیجر پی پی ایچ آئی پشین نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر صحت کو ضلع پشین میں جاری طبی خدمات، صحت مراکز کی کارکردگی، دستیاب سہولیات، درپیش مسائل اور ممکنہ اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

ضلعی مانیٹرنگ ٹیم نے زمینی حقائق پر مبنی پریزنٹیشن پیش کی جس میں بنیادی مراکز صحت، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال، ادویات کی دستیابی، افرادی قوت، حفاظتی ٹیکہ جات، زچگی و بچوں کی صحت اور دیگر اہم پہلوں کا جائزہ شامل تھا۔

وزیر صحت بلوچستان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ محکمہ صحت میں کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام تعیناتیاں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں صرف کام کرنے والے افسران ہی برقرار رہیں گے، جبکہ غیر سنجیدہ اور ناقص کارکردگی کے حامل عملے کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ صحت کی سہولیات کو عوامی توقعات کے مطابق بہتر بنانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات یقینی بنائیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع پشین کے صحت مراکز میں درکار سہولیات، افرادی قوت کی فراہمی، اور سروس ڈیلیوری کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے گا تاکہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :