صائم ، حسن نواز اور حارث میچ ونر نہ بن سکے تو خود کو ناکام کپتان سمجھوں گا : سلمان علی آغا

میرے خیال میں کرکٹ کھیلنے کا یہی انداز بہترین ہے، ٹیم کا جو ماحول بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ٹیم اس طرف چل پڑی ہے : ٹی ٹونٹی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 2 جون 2025 13:47

صائم ، حسن نواز اور حارث میچ ونر نہ بن سکے تو خود کو ناکام کپتان سمجھوں ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 جون 2025ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی اچھی پرفارمنس پر انھیں بہت خوشی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کو ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کرنے کے بعد اپنی گفتگو میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ’’میرے لیے محمد حارث، حسن نواز کو میچ ونر بنانا اہم ہے، صائم ایوب، حسن نواز اور محمد حارث میچ ونر نہ بن سکے تو خود کو ناکام کپتان سمجھوں گا۔

(جاری ہے)

‘‘ 
انھوں نے کہا سیریز میں تمام کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا، ہم اسی طرح کی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ مثبت کرکٹ کھیلیں، اگر ہم مد مقابل ٹیم کو دباؤ میں لائیں گے تو اچھے نتائج آئیں گے، اور ہمیں ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لیے اچھی تیاری مل جائے گی۔ 
کپتان سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ ’’میرے خیال میں کرکٹ کھیلنے کا یہی انداز بہترین ہے، ٹیم کا جو ماحول بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ٹیم اس طرف چل پڑی ہے۔‘‘ 
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا ہم ہر میچ اور ہر سیریز جیتنا چاہتے ہیں، شائقین سے کہوں گا ہمیں اسی طرح سپورٹ کرتے رہیں، مایوس نہیں کریں گے، شائقین جتنی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم میں آئے ان کا شکر گزار ہوں۔