پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں سفاک بیٹے نے نصیحت کرنے پر ماں کو قتل کر دیا

پیر 2 جون 2025 16:06

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں سفاک بیٹے نے نصیحت سے تنگ آکر اپنی ماں کو قتل کرڈالا ۔پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب عاصمہ بی بی نے اپنے بیٹے حبیب اللہ کو اوباش لڑکوں کی صحبت سے دور رہنے کی تلقین کی جس پر نوجوان نے نصیحتوں سے تنگ آکر اپنی والدہ کو کمرے میں بند کیا اور گولی مار دی۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والی عاصمہ بی بی کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔واقعے کے بعد ملزم حبیب اللہ جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا ،پولیس نے ملزم کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔علاقے میں واقعے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اہلِ محلہ نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔