شاہ اردن سے سعودی وزیرخارجہ کی سربراہی میں وزارتی کمیٹی کی ملاقات

غزہ میں جنگ کے خاتمے اور انسانی امداد کی فراہمی کے حوالے سے کوششوں کا جائزہ لیا گیا

پیر 2 جون 2025 16:56

عمان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نیعمان کے قصر الحسینیہ میں غیر معمولی عرب اسلامی سربراہ اجلاس کی طرف سے تفویض کردہ وزارتی کمیٹی کے ارکان کا خیرمقدم کیا۔عرب ٹی وی کے مطابق وفد کی سربراہی سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کی۔ اس موقع پراردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ دوم بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں غزہ میں جنگ کے خاتمے اور انسانی امداد کی فراہمی کے حوالے سے کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔اسرائیلی حکام کی جانب سے فلسطینی عوام اور مقبوضہ علاقوں میں کی جانے والی تمام خلاف ورزیاں روکنے کیلیے جاری مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔وزارتی کمیٹی جس میں سعودی عرب، مصر، اردن اور بحرین کے وزرائے خارجہ شامل ہیں نے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے ہمراہ اتوار کوعمان میں فلسطینی صدر محمود عباس، ان کے نائب حسین الشیخ ، وزی اعظم و وزیر خارجہ محمد مصطفی کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔