سعودی عرب میں حج کی جعلی اشتہاری مہم چلانے والا مصری شہری گرفتار

پیر 2 جون 2025 16:56

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)سعودی عرب کی حج سکیورٹی فورس نے وزارت حج و عمرہ کے ساتھ رابطے کے بعد ایک مصری شہری کو گرفتار کر لیا ہے، جو وزٹ ویزے پر آنے والوں کو بغیر اجازت نامے کے حج کرانے کا جھانسہ دینے کی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق گرفتار ملزم نے جعلی حج اشتہارات کے ذریعے غیر قانونی طور پر زائرین کو مکہ مکرمہ منتقل کرنے، ان کی معاونت کرنے اور انہیں قیام فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔

سکیورٹی حکام کے مطابق ملزم نے مکہ مکرمہ کے ایک رہائشی عمارت میں 14 ایسے افراد کو ٹھہرایا تھا جو حج کے ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے اور اس کے بدلے مالی معاوضہ بھی وصول کیا۔ملزم کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو بھی متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیا گیا تاکہ ان پر مقررہ سزائیں نافذ کی جا سکیں۔