جیکب آباد سے مزید ایک نوجوان مبینہ اغوا، مغوی نوجوان کے ورثاء کا احتجاج، 24گھنٹوں کے دوران اغوا ہونے والوں کی تعداد 3 ہوگئی

پیر 2 جون 2025 19:10

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)جیکب آباد سے مزید ایک نوجوان مبینہ اغوا، مغوی نوجوان کے ورثاء کا احتجاج، 24گھنٹوں کے دوران اغوا ہونے والوں کی تعداد 3 ہوگئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے تھانہ بی سیکشن کی حدود گاؤں یار محمد سومرو کا رہائشی نوجوان طاہر سومرو گاؤں سے ٹھل کی طرف جارہا تھا کہ باگن موڑ کے مقام پر نامعلوم ڈاکوؤں نے نوجوان کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا، اغواء کی واردات کے خلاف مغوی کے ورثاء نے کندھ کوٹ روڈ پر ٹائر جلاکر احتجاج کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کے اغواء ہونے کی اطلاع پر علاقے میں ناکابندی کرکے مغوی کی تلاش شروع کردی گئی ہے، واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع جیکب آباد سے اغوا ہونے والوں کی تعداد 3 ہوگئی گذشتہ روز تھانہ مولاداد کی حدود رمضان پور کے قریب سے سید وجاہت شاہ کو ڈرائیور سمیت اغواء کرلیا گیا تھا تاہم پولیس مغویوں کا سراغ لگانے میں ناکام ہے مغوی وجاہت شاہ کی بازیابی کے لیے جیکب آباد پولیس کا شکارپور ضلع کے مختلف علاقوں میں آپریشن جاری ہے ذرائع کے مطابق مغوی کی بازیابی کے لیے علاقہ کے معززین سے رابطہ کیا جارہا ہے۔