Live Updates

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے معروف گلوکار سجاد علی کی ماسٹر کلاس کا انعقاد

پیر 2 جون 2025 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے معروف گلوکار سجاد علی کی ماسٹر کلاس کا انعقاد اسٹوڈیو ٹو میں کیا گیا ۔ماسٹر کلاس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر دانیال عمر ، ہیڈ آف میوزک اکیڈمی احسن باری اور ڈائریکٹر اکیڈمیز ارمان رحیم سمیت آرٹس کونسل المنائی کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔

ماسٹر کلاس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے معروف گلوکار سجا دعلی کو گلدستہ دے کر خوش آمدید کہا۔جاری اعلامیہ کے مطابق ماسٹر کلاس میں سجاد علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو گانے والے ہوتے ہیں، وہ سیکھتے نہیں اور جو سیکھتے ہیں، وہ اکثر صحیح نہیں گاتے، گلوکار پیدا ہوتے ہیں، یہ ایک قدرتی صلاحیت ہوتی ہے، گائیکی میں جیسی ان پٹ دی جائے، ویسی ہی آئوٹ پٹ حاصل ہوتی ہے، آج کے بچوں میں پیشن کا نام موڈ ہے ،و ہ صرف موڈ پر انحصار نہ کریں بلکہ ایک حکمتِ عملی اپنائیں کیونکہ موڈ وقتی ہوتا ہے جبکہ سٹریٹیجی دیرپا نتائج دیتی ہے۔

(جاری ہے)

سجاد علی نے اپنی کامیابی کے راز کو ڈسپلن قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کئی باصلاحیت لوگ دیکھے لیکن کامیاب وہی ہوئے جنہوں نے ڈسپلن اپنایا،ہم ٹیلنٹ کے بجائے ڈسپلن کو اہمیت دیں گے۔میوزک طالب علم کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ روز اپنے گھر پر ریکارڈنگ کرتے ہیں اور خود کو سنتے ہیں،ریکارڈنگ کے ذریعے اندازہ ہوتا ہے کہ کہاں غلطی ہو رہی ہے، سرگم کے ہر سر کا اپنا مطلب ہے، گلوکار کو ’’کیوں، کہاں اور کیسے‘‘ جیسے سوالات کے جواب تلاش کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں گلوکار نہ ہوتا تو استاد ہوتا،بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں سیکھنے کا رجحان کم ہے،لوگ پہلے نتیجہ چاہتے ہیں، سیکھنے کو بعد میں اہمیت دیتے ہیں۔انہوں نے فلبدی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ گلوکاری میں فلبدی لازمی ہوتی ہے ،میں بچپن سے لوگوں کو فلبدی کہانیاں سنا تاتھا،مجھے اگر جملہ سمجھ آتا تھا تو میں اس کو دس دفعہ الگ الگ طریقے سے گاتا تھا ۔انہوں نے جدید دور کے میوزک کے اثرات پر بھی کہا کہ ہماری سماعت سے زیادہ ہمیں میوزک دیا جا رہا ہے،یہ تکنیک کبھی جنگی قیدیوں پر استعمال ہوتی تھی، آج ہمارے گھروں میں عام ہو گئی ہے،پہلے گائیکی کا مخصوص وقت ہوتا تھا، اب میوزک کے بغیر دن مکمل نہیں ہوتا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات