Live Updates

قومی قیادت کو معاشی خوشحالی کیلئے ایک پیج پر آنا ہو گا،چوہدری شجاعت حسین

پیر 2 جون 2025 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ اہم ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، قومی دفاع اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ڈاکٹر محمد امجد، مصطفی ملک، مہرین ملک آدم، ڈاکٹر رحیم اعوان، انیلہ چوہدری، عاطف مغل، رضوان صادق اور چوہدری جہانگیر شریک ہوئے۔

چوہدری شجاعت حسین نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اس خطے میں ایک نئی طاقت بن کر ابھرا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ سب سیاسی و قومی قوتیں متحد ہو کر اسے اقتصادی طاقت میں تبدیل کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر اور جرات مند قوم ہے، جو ہر چیلنج کا سامنا کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی افواج اور سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر، ائیر چیف ظہیر احمد بابر اور نیول چیف نوید اشرف پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے پروگراموں میں افواج پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کریں اور عوام کو قومی یکجہتی کا پیغام دیں۔انہوں نے کہا کہ جیسے بنیان المرصوص اسی طرح قومی قیادت کو بھی معاشی خوشحالی کے لیے ایک پیج پر آنا ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقہ اور غریب عوام قومی قیادت کی توجہ کے مستحق ہیں، بجٹ کی تیاری میں ان کے مسائل اور توقعات کو مدنظر رکھا جائے۔چوہدری شجاعت حسین نے اس بات پر زور دیا کہ مضبوط دفاع کے لیے معاشی خودمختاری اور خوشحالی ناگزیر ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات