فرنچ اوپن ٹینس ویمنز سنگلز،کوکوگف،میڈیسن کیز اور لوئس بوسن نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

منگل 3 جون 2025 08:20

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) امریکا کی ٹینس سٹار،2023 کی یوایس چیمپئن اور میگا ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ کوکو گف ،امریکا کی ہی ٹینس سٹار میڈیسن کیز اور وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنے والی میزبان ٹینس کھلاڑی لوئس بوسن اپنی فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے فرنچ اوپن ٹینس کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ امریکا کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی تھرڈ سیڈڈ جیسکا پیگولا پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ کے خواتین کے سنگلز مقابلوں سے باہر ہوگئیں ۔

سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا آغاز فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے،جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

میگا ایونٹ کے ویمن سنگلز مقابلوں کے چوتھے رائونڈ میں 21 سالہ امریکی ٹینس سٹار کوکوگف نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کی حریف کھلاڑی اکاتریناالیگزینڈروا کو سٹریٹ سیٹس میں 0-6 اور 5-7 سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں جگہ بنائی ۔

30 سالہ امریکا کی ہی ٹینس سٹار میڈیسن کیز نے بھی چوتھی رکاوٹ عبور کرلی ،انہوں نے ہم وطن حریف کھلاڑی ہیلی بپٹسٹ کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 5-7 سے ہرا کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ٹاپ 16 رائونڈ کے ایک اور میچ میں وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنے والی میزبان ٹینس کھلاڑی لوئس بوسن نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف امریکا کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی تھرڈ سیڈڈ جیسکا پیگولاکو 6-3، 4-6 اور 4-6سے اپ سیٹ شکست دے کر نہ صرف ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کیا۔ \932