وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز کا آغاز 26 جون سے کوئٹہ میں ہوگا

منگل 17 جون 2025 21:34

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز کا آغاز 26 جون سے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز کا باقاعدہ آغاز 26 جون سے کوئٹہ میں ہوگا جو ملک بھر کے نوجوان کرکٹ کھلاڑیوں کی تلاش اور تربیت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔یہ کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو کھیل، تعلیم، روزگار اور ڈیجیٹل مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ایک عہدیدار کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت 23 کھیلوں کے ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز منعقد کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز کا باقاعدہ آغاز 26 جون سے کوئٹہ میں ہو رہا ہے۔ اس کے بعد صوبہ پنجاب، صوبہ سندھ سمیت دیگر علاقوں میں یہ ٹرائلز منعقد کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ ٹرائلز لاہور قلندرز کے تعاون سے منعقد کیے جا رہے ہیں جہاں نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے اور اعلیٰ درجے کی ٹیموں میں شامل ہونے کے مواقع حاصل کریں گے۔

ملک کے مختلف شہروں میں منعقد ہونے والے ان ٹرائلز کا مقصد تمام پس منظر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ایک مساوی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے اور خاص طور پر پسماندہ علاقوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لانا ہے۔یہ ٹرائلز مرد و خواتین دونوں کیٹیگریز میں ہوں گے اور پاکستان کے بڑے شہروں کے بڑے سٹیڈیمز میں منعقد کیے جائیں گے۔منتخب فائنلسٹ کھلاڑیوں کو پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل کیا جائے گا جہاں انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر تربیت اور نمائندگی کے مواقع دیئے جائیں گے۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کا یہ کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ اقدام پاکستان کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا اور نئی نسل کے کرکٹ سٹارز کو ابھرنے کا موقع دے گا۔ اس کا بنیادی ہدف گراس روٹ سطح پر چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو دریافت کر کے انہیں آگے بڑھنے کیلئے مکمل سہولیات فراہم کرنا ہے۔