ڈپٹی کمشنرکا ناقص کارکردگی اورا نسپکشن نہ کرنے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس جاری

منگل 3 جون 2025 12:13

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے مجسٹریٹس کی ناقص کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں غیر فعال پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹسز جاری کرنے کے احکامات کیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو مجسٹریٹس آئندہ بھی انسپکشن ٹارگٹ مکمل نہ کریں گے، انہیں سرینڈر کر دیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی گزشتہ پانچ روز کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، جس سے معلوم ہوا کہ بعض مجسٹریٹس نے پانچ دنوں میں ایک بھی انسپکشن نہیں کی۔ اس پر ڈی سی نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایسے افسران کی سرزنش کی اور واضح کیا کہ ڈیوٹی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

جو افسران اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کریں گے، ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ پانچ دنوں میں ایک بھی انسپکشن نہ کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ ڈی سی نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول ایک سنجیدہ معاملہ ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں نکلیں، منڈیوں، بازاروں اور دکانوں پر چھاپے ماریں اور سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ عید کے موقع پر عوامی سہولت کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کی شکایات پر فوری ردِ عمل دیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے، مقدمات اور گرفتاری جیسے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی گراں فروشی یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت کی صورت میں ضلعی کنٹرول روم یا متعلقہ افسران کو مطلع کریں تاکہ فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :