جنوبی افریقہ بیٹر ہینرک کلاسن کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان، مداح حیران‘بحث شروع

کرکٹ سائوتھ افریقہ نے کانٹریکٹ پلیئرز کی فہرست سے نکال دیا تھا ممکنہ طور پر یہ وجوہات ریٹائرمنٹ کا سبب ہوسکتی ہیں

منگل 3 جون 2025 17:46

پیٹرز برگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)جنوبی افریقہ کے مایہ ناز اور جارح مزاج بیٹر ہینرک کلاسن نے اچانک تمام فارمیٹ کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔آج کے دن کو کرکٹ کی دنیا میں بڑے ناموں کے ریٹارمنٹ کا دن کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا، آسٹریلوی بیٹر گلین میکس ویل کے بعد انٹرنیشل کرکٹ کے ایک اور بہترین بیٹر ہینرک کلاسن نے صرف 33 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے مداحوں کو حیران کردیا ہے جبکہ ان کی اچانک ریٹائرمنٹ پر بحث شروع ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

33 سالہ بیٹر نے آخری بار اس سال آئی سی سی چیمپئنزٹرافی کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف پروٹیز کی نمائندگی کی تھی۔بعدازاں اپریل میں کرکٹ سائوتھ افریقہ نے کانٹریکٹ پلیئرز کی فہرست سے نکال دیا تھا ممکنہ طور پر یہ وجوہات ان کی ریٹائرمنٹ کا سبب ہوسکتی ہیں۔ہینرک کلاسن نے جنوبی افریقہ کی جانب سے 60 ون ڈے انٹرنیشنل میں 43.64 کی اوسط سے 2141 رنز بنائے جس میں 4 سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے 58 میچز میں انھوں نے 23 کی اوسط سے 1000 رنز بنائے جس میں 5 نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ وہ جنوبی افریقہ کی جانب سے 4 ٹیسٹ میچز میں 104 رنز بناپائے۔