محکمہ داخلہ پنجاب کا ہوائی اڈوں اور پاک فضائیہ کی ائیربیسز کے تحفظ کیلئے اہم اقدام

پنجاب بھر میں ہوائی اڈوں اور ائیربیسز کے گرد 15کلومیٹر تک دفعہ 144نافذ کبوتربازی، آتش بازی، ڈرون اور لیزر لائٹ کے استعمال اور آلائشیں پھینکنے پر پابندی عائد

منگل 3 جون 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کے ہوائی اڈوں اور پاک فضائیہ کی ائیربیسز کے گرد 15کلومیٹر کی حدود میں دفعہ 144نافذ کر دی ۔ ہوائی اڈوں اور ائیربیسز کے گرد دفعہ 144کے تحت کبوتربازی، آتش بازی، ڈرون اور لیزر لائٹ کے استعمال اور قربانی کے فضلے کو پھینکنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پنجاب بھر میں یہ پابندیاں 5جون سے 20جون تک موثر رہیں گی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ فیصلہ فلائٹ آپریشنز میں رکاوٹ پیدا کرنے والی سرگرمیوں کو روکنے اور فلائٹ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ پرندے کھلی آلائشوں کی جانب راغب ہو کر طیاروں اور مسافروں کے لیے سنگین خطرات پیدا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سیکریٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898کے سیکشن 144(6)کے تحت یہ پابندیوں کا فیصلہ کیا جو صوبہ بھر میں تمام ایئرپورٹس کی حدود میں نافذ العمل ہوں گی۔

ہوائی اڈوں اور ائیر بیسز کے گرد کبوتر بازی، آتش بازی، لیزر لائٹس اور ڈرونز کے استعمال اور قربانی کا فضلہ پھینکنے پر مکمل پابندی ہوگی۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دفعہ 144پر عملدرآمد کیساتھ ایئرپورٹس اور گردونواح میں صفائی کا خاص انتظام یقینی بنائیں تاکہ پرندوں کو راغب کرنے والے تمام عوامل ختم کیے جا سکیں۔