ایل ڈی پی فیز 2 کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے 149 اور واسا کے 34 ترقیاتی منصوبوں کی ای-ٹینڈرنگ جاری ہے، ڈپٹی کمشنر

منگل 3 جون 2025 17:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے ٹاون ہال میں جاری "لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) فیز 2" کی ای-ٹینڈرنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ایل ڈی پی فیز 2 کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے 149 اور واسا کے 34 ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز کی ای-ٹینڈرنگ جاری ہے، جبکہ محرم الحرام کی تیاریوں کے لیے بھی 11 اہم ٹینڈرز پر بڈنگ کا عمل جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق، ضلعی انتظامیہ نہ صرف ترقیاتی اسکیموں بلکہ محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں بھی پوری طرح متحرک ہے۔ انہوں نے کہا، "ایل ڈی پی فیز 2 میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

"ای-ٹینڈرنگ کے عمل میں شریک ٹھیکیداروں نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور ای-ٹینڈرنگ سسٹم پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ٹھیکیداروں کو برابری کی بنیاد پر منصفانہ مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے کہا، "شفاف ای-ٹینڈرنگ سے نہ صرف ترقیاتی کاموں کی رفتار بڑھے گی بلکہ منصوبوں کا معیار بھی بہتر ہوگا۔ ایل ڈی پی شہر کے بنیادی سول ڈھانچے میں بہتری لانے کا ایک مثر ذریعہ ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کی خوبصورتی بحال کرنے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جا رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ ایل ڈی پی کی کامیابی کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :