نہری نظام کی تباہی اور متعلقہ محکمے کی مجرمانہ غفلت کے باعث ایک زرعی علاقہ بدترین قحط سالی کی جانب بڑھ رہا ہے ، میر بالاچ ڈومکی

منگل 3 جون 2025 21:06

بختیارآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2025ء) ممتاز سیاسی و قبائلی رہنما میر بالاچ خان ڈومکی نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نصیرآباد کے علاقے ٹیپل شاخ اور جھڈیر شاخ ٹیل میں پانی نہ ہونے کے باعث زمینداروں، کسانوں اور عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ نہری نظام کی تباہی اور متعلقہ محکمے کی مجرمانہ غفلت کے باعث ایک زرعی علاقہ بدترین قحط سالی کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔

اپنے ایک بیان میں میر بالاچ خان ڈومکی نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی شہر کے اکثر علاقوں میں بھی پینے کے پانی کی قلت بدستور موجود ہے بلکہ سنگین صورت اختیار کر چکی ہے شہری بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور حکومت خواب خرگوش میں ہے انہوں نے کہا کہ وزیر آبپاشی اپنی نااہلی، بے حسی اور غیر ذمہ داری سے یزیدِ وقت کا کردار ادا کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک طرف زمیندار پانی کو ترس رہے ہیں، فصلیں تباہ ہو رہی ہیں، دوسری جانب آبپاشی کے افسران دفاتر میں آرام فرما رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عوام کے مسائل کا انہیں نہ کوئی ادراک ہے، نہ احساس، اور نہ ہی ان میں اصلاح کی کوئی نیت نظر آتی ہے۔ میر بالاچ خان ڈومکی نے کہا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے، اور وہ دن دور نہیں جب پانی کے لیے سڑکوں پر لوگ نکل آئیں گیانہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ٹیپل شاخ اور جھڈیر شاخ ٹیل اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ڈیرہ مراد جمالی کے تمام وارڈز میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور وزیر آبپاشی کو ان کی نااہلی پر برطرف کیا جائے انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ شہریوں اور کسانوں کی داد رسی کرے۔

زرعی علاقوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے، اور پانی جیسی بنیادی ضرورت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں بصورت دیگر عوامی مسائل کے حل کیلئے کسی بھی احتجاج میں ہم صف اول میں ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :