عواب علوی اور آفتاب جہانگیر کا نام پی آئی این ایل میں شامل کرنے کیخلاف درخواستوں کی سماعت 18جون تک ملتو ی

منگل 3 جون 2025 21:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر عارف علوی کے بیٹے عواب علوی اور آفتاب جہانگیر کا نام پی آئی این ایل میں شامل کرنے کیخلاف درخواستوں کی سماعت 18جون تک ملتو ی کردی ہے ۔سندھ ہائیکورٹ میں سابق صدر عارف علوی کے بیٹے عواب علوی اور آفتاب جہانگیر کا نام پی آئی این ایل میں شامل کرنے کیخلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جواب جمع نہیں کرایا گیا۔ عدالت نے جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا۔ سرکاری وکیل نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت کی استدعا کردی۔ سرکاری نے موقف دیا کہ ہم نے ڈی جی ایف آئی اے و دیگر کو لیٹر لکھا ہے۔ لیکن ابھی تک ان کا جواب موصول نہیں ہوا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر آئندہ سماعت پر جواب نہیں آیا تو ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کریں گے۔

(جاری ہے)

عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے و دیگر سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 18 جون تک ملتوی کردی۔ درخواستگزار کے وکیل بیریسٹر علی طاہر نے موقف دیا تھا کہ دونوں درخواست گزاروں کا نام پی این آئی ایل میں شامل کیا گیا۔ ان کو ملک سے باہر جانے نہیں دیا جا رہا ہے۔ بلا وجہ دونوں درخواست گزاروں کا نام پی این آئی ایل میں شامل کیا گیا۔ بغیر کسی نوٹس اور کسی جرم کے ان کا نام پی این آئی ایل میں شامل کرنا غیر قانونی ہے۔