سندھ حکومت کا کراچی میں سمر کیمپس اور شہید بینظیر آباد میں وویمن والی بال چیمپئن شپ کرانے کا اعلان

منگل 3 جون 2025 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) حکومت سندھ نے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے دو بڑے ایونٹس کراچی کے یوتھ کلبز میں 40روزہ سمر کیمپس اور شہید بینظیر آباد میں 6ڈویژنوں پر مشتمل دو روزہ وویمن والی بال چیمپئن شپ 2025کرانے کا اعلان کیا ہے۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان عبدالعلیم لاشاری نے کہا ہے کہ سمر کیمپس 15جون سے سندھ یوتھ کلب گلستان جوہر اور سندھ اسپورٹس کلب ناظم آباد میں شروع ہوکر 25جولائی تک جاری رہیں گے جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو مختلف کھیلوں کی تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کیمپس کا مقصد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا بھرپور موقع فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سمرکیمپ 2025میں نوجوانوں کو بیڈ منٹن،فینسنگ،اسکواش، فٹبال ، شطرنج،باکسنگ، تائیکوانڈو، آرچری، جمناسٹک، اسکیٹنگ، تھرو بال، شوٹوکان، ٹیبل ٹینس اور دیگر کھیلوں کی تربیت دی جائے گی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر شہید بینظیر آباد عبدالرحیم راجپوت نے بریفنگ میں بتایا کہ شہید بینظیر آباد میں آل سندھ انٹر ڈویژن وویمن والی بال چیمپئن شپ 18جون سے 19جون 2025تک جاری رہے گی۔ اس چیمپئن شپ میں صوبے کے 6بڑے ڈویژنوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں نوابشاہ، حیدرآباد، کراچی، سکھر، میرپورخاص اور لاڑکانہ ڈویژن شامل ہیں۔سیکریٹری کھیل نے واضح کیا کہ اس چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی 6 ڈویژنوں کے 80 کھلاڑیوں کو کٹس، رہائش، ڈیلی الانس اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اجلاس میں محکمہ کھیل کے ایڈیشنل سیکریٹری اسداسحاق، ڈپٹی ڈائریکٹرسید حبیب اللہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرید علی اور ڈی ایس او عبدالرحیم راجپوت نے شرکت کی۔