شام میں فوجیوں کی تعداد کم کرنا شروع کر دی ہے، امریکی ایلچی

بدھ 4 جون 2025 10:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) امریکا نے شام میں اپنے فوجیوں کی تعداد کم کرنا شروع کر دی ہے اس کا مقصد شام میں اپنے ایک اڈے کے علاوہ باقی تمام کو بند کرنا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات شام کے لئے امریکی ایلچی ٹام باراک نے گزشتہ روز کہی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ہم 8 فوجی اڈوں میں سے شاید ایک اڈہ برقرار رکھیں گے ۔

ایک امریکی اہلکار نے گزشتہ روز العربیہ کو بتایا کہ شام سے 500 امریکی فوجیوں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔ کم از کم 2 اڈے بند کر دیئے گئے ہیں اور تیسرا اڈہ گزشتہ چند ہفتوں میں سیریئن ڈیموکریٹک فورسز ( ایس ڈی ایف) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے اہلکار نے کہا کہ شام میں امریکی افواج کی دوبارہ تعیناتی محفوظ انداز میں کی جا رہی ہے اوراس کا انحصار وہاں کی مخصوص صورتحال پر ہے۔

(جاری ہے)

امریکی ایلچی ٹام باراک نے اس سے قبل وہاں امریکی فوجی اڈوں کی تعداد کم کرنے کے منصوبے کا انکشاف کیا تھا۔ انہوں نے ترک چینل این ٹی وی کو انٹرویو کے دوران کہا کہ آٹھ اڈوں سے ہم صرف ایک اڈے کو باقی رکھیں گے۔ شام کے بارے میں ہماری موجودہ پالیسیاں گزشتہ 100 سالوں کی پالیسیوں جیسی نہیں ہوں گی کیونکہ ماضی کی پالیسیاں موثر ثابت نہیں ہو سکیں ۔ ۔ ٹام باراک نے وضاحت کی کہ ایس ڈی ایف امریکا کی اتحادی ہے ۔ امریکا نے داعش سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر برسوں سے شام میں اپنی افواج کوتعینات رکھا ہے۔ شام میں داعش کے خلاف بین الاقوامی اتحاد میں 900 سے زائد امریکی فوجی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :