فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں یومِ استحصال کشمیر عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

Akif Ghani عاکف غنی بدھ 6 اگست 2025 11:55

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں یومِ استحصال ..
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اگست2025ء) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں یومِ استحصال کشمیر عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد بھارتی غیر قانونی اقدامات کے خلاف آواز بلند کرنا اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا تھا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد، طلبہ، صحافیوں، دانشوروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

شرکاء نے کشمیری عوام کی طویل جدوجہدِ آزادی اور حقِ خود ارادیت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کا آغاز صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم اور وزیرِخارجہ کے خصوصی پیغامات سے ہوا، جن میں مسئلہ کشمیر کی تاریخی نوعیت، بھارتی مظالم، اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر روشنی ڈالی گئی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی سفیر محترمہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو یکطرفہ طور پر ختم کرکے بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو ان کے ہی وطن میں اقلیت میں بدلنا اور خطے کی متنازع حیثیت کو زبردستی ختم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کا قومی مؤقف اور خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ بنائے۔

تقریب میں مقررین نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیوں، غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفیکیٹس جاری کرنے، زمینوں کی ملکیت سے متعلق قوانین میں تبدیلی، اور انتخابی حلقہ بندیوں کو ازسرِ نو ترتیب دینے جیسے اقدامات کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات کشمیریوں کو ان کے سیاسی اور جغرافیائی حقوق سے محروم کرنے کی ایک منظم کوشش ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے کشمیری عوام کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔