پختونخوا،ادویات کی خریداری میں خورد برد،سابق ڈی جی صحت سمیت10اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا آغاز

بدھ 4 جون 2025 13:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)خیبرپختونخوا میں نگران دور میں دوائیوں کی خریداری میں خورد برد کے الزام میں محکمہ صحت کے سابق ڈی جی سمیت10 اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صوبے میں نگران دور حکومت میں دوائیوں کی خریداری میں خورد برد کے معاملے میں محکمہ صحت کے سابق ڈی جی سمیت10 اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کے اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے۔ دستاویزات کے مطابق تمام اہلکاروں کو 10 سے 14 دن کے اندر جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔جواب نہ ملنے پراہلکاروں کے خلاف ثبوت کے طوریکطرفہ کارروائی کی سفارش کی گئی۔ان افسران کے خلاف بدعنوانی اور بد انتظامی کی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی انسداد بدعنوانی مصدق عباسی کی سربراہی میں کمیٹی نے تحقیقات کیں۔

تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پر وزیراعلیٰ نے ان اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔نوٹس میں ان اہلکاروں سے 17 ، 17 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی کی بھی سفارش کی گئی ہے۔دوسری جانب مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی نے بتایا کہ کرپشن کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا ان اہلکاروں کو نہ صرف ملازمت سے فارغ کیا جائے گا بلکہ ان سے وصولی بھی کی جائے گی۔