Live Updates

گولان پر راکٹ داغے جانے کے بعد اسرائیل کے جنوبی شام پر فضائی حملے

شام سے داغے گئے دو گولے غیر آباد علاقوں میں آ کر گرے ،اسرائیلی فوج کابیان

بدھ 4 جون 2025 13:16

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)اسرائیلی فضائیہ نے آج بدھ کی صبح سویرے جنوبی شام پر فضائی حملے کیے۔ یہ کارروائی مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں پر داغے گئے دو راکٹوں کے جواب میں کی گئی۔ عرب ٹی وی نے بتایاکہ شامی ذرائع کے مطابق یہ حملے درعا، قنیطرہ اور سعسع کے نواحی علاقوں میں مختلف مقامات پر کیے گئے۔اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ لڑاکا طیاروں کے ذریعے شام کی حکومت سے وابستہ عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جو جنوبی شام میں واقع ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق رات نو بج کر 36 منٹ پر حاسبین اور رمات ماغشیمیم میں سائرن بجنے کے بعد شام سے داغے گئے دو راکٹ اسرائیل میں داخل ہوئے، مگر غیر آباد علاقوں میں جا گرے۔ چند لمحوں بعد اسرائیلی فوجی ریڈیو نے اطلاع دی کہ فوج نے شامی علاقوں پر حملہ شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنگی طیاروں نے شامی فضائی حدود میں تیز رفتاری سے پرواز کی۔

اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاتز نے شامی صدر احمد الشرع کو ان حملوں کا براہِ راست ذمے دار ٹھہراتے ہوئے وزارت دفاع کے ایک بیان میں کہا ہم شام کے صدر کو اسرائیل کے خلاف کسی بھی حملے یا خطرے کا براہِ راست ذمے دار سمجھتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ جلد ایک جامع ردِ عمل دیا جائے گا۔حاسبین اور رمات ماغشیمیم، گولان کی جنوبی پہاڑیوں میں واقع ہیں، جن پر اسرائیل نے 1967 میں قبضہ کیا اور 1981 میں ان کے الحاق کا اعلان کر دیا تھا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق دسمبر میں سابق صدر بشار الاسد کی حکومت کا خاتمہ ہونے کے بعد یہ اس نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔بشار الاسد کی حکومت کے زوال کے بعد اسرائیلی افواج نے گولان کی پہاڑیوں میں واقع غیر فوجی علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا، اور شام میں سیکڑوں فضائی حملے کیے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد شام کی نئی حکومت کو جدید اسلحہ حاصل کرنے سے روکنا ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات