وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سےایران میں جاں بحق ہونے والے 8 خاندانوں میں امدادی چیک تقسیم

بدھ 4 جون 2025 17:40

وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سےایران میں جاں بحق ہونے والے 8 خاندانوں میں ..
بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے ایران میں جاں بحق ہونے والے احمد پور اور سمہ سٹہ کے افراد کے لواحقین میں 10 لاکھ روپے فی خاندان کے حساب سے 8 خاندانوں میں چیک تقسیم کیے گئے۔ چیک وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں محمد عثمان نجیب اویسی،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری بورڈ آف ریونیو و ایم پی اے میاں محمد شعیب اویسی اور ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق نے تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے مرحومین کی مغفرت درجات کی بلندی اور پسمندگان کے لیے صبر جمیل کی دعاکی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے اور مرحومین کے درجات بلند کرے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر قراۃ العین، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر اور لواحقین موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہے۔