Live Updates

ملک بھر میں عید الاضحی (کل )مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائیگی

عید کی نماز کے اجتماعات میں ملک و قوم کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد ، فلسطینیوں ،کشمیریوں کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی فرزندان توحید سنت ابرہیمی کی یاد میں اللہ تعالی کے حضور جانوروں کی قربانی دینگے،افغان مہاجرین، بوہری برادری نے عید الاضحی منائی

جمعہ 6 جون 2025 12:02

ملک بھر میں عید الاضحی (کل )مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائیگی
اسلام آباد/لاہور/کراچی /پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)ملک بھر میں عید الاضحی کل ( ہفتہ ) مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھرکی مساجد، عید گاہوں اور کھلے مقامات پر عید کی نماز کے اجتماعات ہوں گے جس میں ملک و قوم کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد ، مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ۔

عید کی نماز کی ادائیگی کے بعد فرزندان توحید سنت ابرہیمی کی یاد میں اللہ تعالی کے حضور جانوروں کی قربانی دیں گے۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ نمازیوں کو جامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جبکہ نماز کے اجتماعات کے مقامات کے قریب پارکنگ کو ممنوعہ قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب خیبر پختونخوا ہ میں کئی مقامات پر افغان مہاجرین نے جمعہ کے روز عیدالاضحی منائی جبکہ بوہری برادری نے بھی عید الاضحی منالی ۔ کراچی میں بوہرہ برادری نے نماز عید ادا کی اور اس کے بعد جانوروں کی قربانی کی۔پشاور سمیت خیبر پختونخوا ہ کے کئی مقامات پر افغان مہاجرین نے نماز عید ادا کی ہے، حیات آباد، بورڈ بازار، کارخانو مارکیٹ، شمشتو کیمپ، ناصر باغ میں نماز عید الاضحی ادا کی گئی۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :