ہری پور،پریزنز سٹاف ٹریننگ اکیڈمی میں واچ اینڈ وارڈر سٹاف کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کا انعقاد

بدھ 4 جون 2025 18:11

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) پریزنز سٹاف ٹریننگ اکیڈمی ہری پور میں واچ اینڈ وارڈر سٹاف کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کا انعقاد ہوا۔پریزنز سٹاف ٹریننگ اکیڈمی ہری پور میں واچ اینڈ وارڈر سٹاف کے دو ماہ پر مشتمل پروموشن ٹریننگ کورس کی تکمیل پر بدھ کے روز پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب منعقد ہوئی ،جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پریزن ہزارہ محمد حامد اعظم تھے جنہوں نے کورس مکمل کرنے والے اہلکاروں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی پریزن کا کہنا تھا کہ پریزن سٹاف ٹریننگ اکیڈمی انتہائی کم وقت میں ایک مثالی ادارہ بن گیا ہے جہاں محدود وسائل کے باوجود اعلی معیار کے تربیتی پروگرامز فراہم کیے جار ہے ہیں،ماضی کی طرح مستقبل میں بھی تمام تربیتی سرگرمیوں کے لیے ادارہ جاتی تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے کورس مکمل کرنے والے شرکاء کو کہا کہ وہ اپنی جیلوں میں واپسی کے بعد ایمانداری،لگن اور وقت کی پابندی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔تقریب کے دوران کورس کے شرکاء نے پریڈ،جسمانی تربیت کے مظاہرے اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے اپنی مہارتوں کا بھی عملی مظاہرہ کیا۔