انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کی پہلے سنائپر ٹریننگ کورس کے اختتام کے موقع پر تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی شرکت

بدھ 4 جون 2025 19:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا پولیس کی اسٹرائیکنگ فورسز ہیں اور ان کے سربکف جوانان انتہائی کٹھن اور مشکل حالات میں ہراول دستے کا کردار بخوبی ادا کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر نوشہرہ میں بیسک اسنائپر کورس کی پاسنگ آؤٹ تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر نوشہرہ کا دورہ کیا جس کامقصد سنٹر میں اختتام پذیر پہلے سنائپر کورس کی پاسنگ آؤٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت تھی۔ کمانڈنٹ ایلیٹ /ایڈیشنل آئی جی پی کاشف عالم خان، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز رضوان منظور، ڈی آئی جی فنانس فداحسن خان، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی حسن رضا، ضلعی پولیس آفیسر نوشہرہ عبدالرشید خان اور پرنسپل ایلیٹ ٹریننگ سنٹر شبیح حسین نے انکا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹرپہنچنے پر ایلیٹ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر آئی جی پی نے یادگار شہداء پر بھی حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء پولیس کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے سنٹر کے پہلے سنائپر کورس میں شامل 19 سنائپرز کے تربیتی مراحل کے اختتام پر ان کی عملی صلاحیتوں کا معائنہ کیا جہاں سنائپرز نے جدید اسلحے اور تھرمل ویپنری کی پریکٹس اور اس کی دیکھ بھال کاعملی مظاہرہ دکھایا۔

انہوں نے سنائپر کورس کے کلاس روم کا معائنہ کیا جہاں سنائپرز کو دشمن کو دور سے نشانہ بنانے، دشمن کی نقل حرکت پر نظر رکھنے، ویپنری اور ٹیکٹس کے بارے میں معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ جس کے بعد معزز مہمانوں نے سنائپر کو مختلف رینجز پر ٹارگٹس کو کامیابی سے نشانہ بناتے دیکھ کر داد پیش کی۔اس موقع پر ٹھہرے ہوئے اور حرکت کرنے والے ٹارگٹس کو نشانہ بنانے کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔

جبکہ خالی ہاتھ لڑائی کے لیے جوڈو کراٹے کی مشقوں کا انعقاد بھی کیا گیا تھاجس میں جوانوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔معزز مہمانوں نے تمام مظاہرے بڑے شوق سے دیکھے اور شرکاءکو داد ِ تحسین سے نوازا۔بعد ازاں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا نے تقریب تقسیم انعامات میں 6ہفتوں پر محیط پہلے سنائپر کورس میں آل راونڈ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں کو توصیفی اسناد سے نوازا۔

اس موقع پر تقریب /دربارکے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ پڑوسی ملک میں نیٹو (NATO ) فورسز سےرہ جانےوالے جدید اسلحے خاص طور پر سنائپر گنز سے دہشت گردوں نے ہماری چوکیات اور تھانوں پر حملے کئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا کورس ہے جسکے انعقاد کے لیے ایڈیشنل آئی جی پی ایلیٹ اور پرنسپل ایلیٹ ٹریننگ سنٹر کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔

آئی جی پی نے کہا کہ ایلیٹ پولیس کا ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا میں کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ دہشت گردی سمیت ہر قسم کی سنگین صورتحال میں فرسٹ ریسپانڈر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سنائپر کورسز کا سلسلہ بدرستور جاری رہے گا۔اور اس کورس کے گریجویٹس کی عملی میدان میں کارکردگی کی بنیاد پر آنے والے کورسوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے اضلاع کی سطح پر اور رفتہ رفتہ تھانوں کی سطح پر بہترین سنائپرز تعینات کئے جائیں گے۔آئی جی پی خیبر پختونخوا نے کہا کہ دہشت گرد انتہائی بزدل ہیں اور جہاں پولیس نے ان کو بھر پور جواب دیا ہے وہاں سے یہ دم دبا کر بھاگے ہیں۔ انہوں نے کورس کے کامیاب گریجویٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے یہ امید ظاہر کی کہ بہترین تربیتی مراحل کے بعد وہ عملی میدان میں اپنی مہارتوں کا ثبوت دیتے ہوئے تاریخ کے روشن باب رقم کرکے محکمے کی نیک نامی کاباعث بنیں گے۔

خطاب کے اختتام پر تقریب / دربار کے شرکاءنے سوال جواب سیشن کے دوران آئی جی پی کو ٹریننگ کے دوران درپیش مسائل کے علاوہ اپنے جائز عرض و معروض سے بھی آگاہ کیا جس کے متعلق انہوں نے فوری حل کے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پی نے کہا کہ البرق، ایلیٹ اور تمام سپیشل فورسز کے جوانوں کو بہترین ٹریننگ اور جدید اسلحے کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تمام مسائل کے ممکنہ حل کے لیے کوشاں ہیں تاکہ وہ عملی میدان میں کھل کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکیں۔