مشاعر مقدسہ میں بجلی کے نیٹ ورک کی استعداد میں 75 فیصد سے زائد اضافہ

بجلی کے نظام کو قابلِ اعتماد بنانے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کئے گئے،حکام

جمعرات 5 جون 2025 11:40

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)سعودی الیکٹریسٹی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ حج 1446ھ کے سیزن کے دوران مشاعر مقدسہ میں بجلی کے نیٹ ورک کی استعداد میں 75 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اس منصوبے پر 3 ارب ریال سے زائد لاگت آئی ہے اور اسے ماضی کے تجربات کی روشنی میں حکومتِ سعودی عرب کی ہدایات پر بروقت مکمل کیا گیا۔

کمپنی کے حج منصوبے کے نگرانِ اعلی انجینئر عبدالسلام العمری کے مطابق بجلی کے نظام کو مزید مستحکم اور قابلِ اعتماد بنانے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کئے گئے ہیں اور انہیں مشاعر کے تمام مقامات سے مربوط کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز کی براہِ راست نگرانی میں مکمل کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انجینئر العمری نے بتایا کہ بجلی کے نظام کی مانیٹرنگ کے لیے ایک جدید مرکز قائم کیا گیا ہے جو مصنوعی ذہانت سے لیس ہے اور فائبر آپٹک نیٹ ورک کے ذریعے تمام معلومات تیزی سے آپریٹرز تک پہنچا رہا ہے۔ اس نظام کو چلانے کے لیے تربیت یافتہ قومی انجینئرز اور ماہرین کی ٹیم تعینات ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 2200 سے زائد انجینئرز، فنی ماہرین اور تکنیکی عملہ مشاعر مقدسہ کے مختلف حصوں میں 57 مراکز میں تعینات کیا گیا ہے، جو کسی بھی مقام پر پانچ منٹ کے اندر پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حج کی تیاریوں کا عمل ہر سال حج کے اختتام کے بعد ہی شروع ہو جاتا ہے، جس میں بجلی کے نیٹ ورک کا مکمل معائنہ، 50 ہزار سے زائد برقی آلات کی جانچ اور مکمل سسٹم کی دو بار آزمائش شامل ہوتی ہے۔ ان تمام اقدامات کی نگرانی وزارت توانائی اور سعودی بجلی ریگولیٹری اتھارٹی کر رہی ہے۔ گزشتہ حج سیزن میں بجلی کی کھپت 454 میگاواٹ کی بلند ترین سطح تک پہنچی تھی، جب کہ رواں سال 20 سے 30 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔