ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ شہید بینظیرآباد کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ

جمعرات 5 جون 2025 16:06

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ سندھ، شہید بینظیر آباد خان محمد زرداری نے ڈسٹرکٹ جیل شہید بینظیر آباد کا دورہ کیا،جیل کی عمارت، قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور جیل مینول پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ریجنل ڈائریکٹر نے مختلف بیرکوں کا معائنہ کیا اور قیدیوں سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

انہوں نے قیدیوں کے لیے تیار کیے جانے والے کھانے کا معیار بھی چیک کیا اور جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قیدیوں کو خوراک اور صحت کی سہولیات جیل مینول کے مطابق فراہم کی جائیں۔ ریجنل ڈائریکٹر خان محمد زرداری نے بتایا کہ ان کا یہ دورہ صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد جیل میں موجود سہولیات کا جائزہ لینا اور قیدیوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ غلام رسول مشوری اور اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ صدا حسین زرداری نے جیل کے انتظامات اور قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسد اللہ ڈاہری، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مرتضیٰ گوہر، انفارمیشن آفیسر اعجاز علی تیونو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔