غزہ ہیومینیٹرین فانڈیشن نے امدادی مراکز کھولنے کا فیصلہ موخر کر دیا

خوراک کے ڈبوں کی تقسیم کو حتی الامکان محفوظ بنانے کے لیے کام جاری ہے،بیان

جمعرات 5 جون 2025 16:08

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)امریکہ کی حمایت یافتہ تنظیم غزہ ہیومینیٹرین فانڈیشن نے اپنی امدادی کارروائیوں کے دوران حالیہ دنوں میں درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد، اپنے مراکز کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ موخر کر دیا ہے۔ اس سے پہلے ادارے نے یہ مراکز بند کر دیے تھے۔ ادھر اسرائیلی فوج نے ان مراکز کو جانے والے راستوں کو جنگی علاقی قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق ادارے نے فیس بک صفحے پر شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے تقسیم کے مقامات جمعرات کی صبح جلدی نہیں کھلیں گے جیسا کہ طے کیا گیا تھا، کیوں کہ ان جگہوں پر مرمت اور دیکھ بھال کا کام جاری ہے۔ ادارے نے یہ بھی کہا کہ کام مکمل ہوتے ہی افتتاح کے اوقات کا اعلان کر دیا جائے گا۔ادارے نے مزید کہا کہ وہ خوراک کے ڈبوں کی تقسیم کو حتی الامکان محفوظ بنانے کے لیے کام کر رہا ہے، اگرچہ حالات سخت ہیں۔ ادارے نے اپنی جانب آنے والے تمام افراد پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی فوج کی جانب سے متعین کردہ راستوں پر ہی چلیں تاکہ ان کا گزر محفوظ رہے۔