پنجاب میں پابندی کے عائد ہونے کے بعد تمام ویپنگ سینٹرز بند

ویپ اور ای سگریٹس پر پابندی کے فیصلے کی منظوری صوبائی کابینہ نے دی تھی

جمعرات 5 جون 2025 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء) پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں ویپنگ اور الیکٹرانک سگریٹس (ای سگریٹس)کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہونے کے بعد تمام ویپنگ سنٹرز بند ہو گئے ۔ویپ اور ای سگریٹس پر پابندی کے فیصلے کی منظوری صوبائی کابینہ نے دی جس کے بعد تمام ویپنگ سینٹرز کو فوری طور پر بند کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ علی پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں ہونے والے کابینہ اجلاس کے دوران کہا کہ نوجوان نسل میں ویپنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کے سبب انہیں سنگین صحت کے خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ صوبے بھر میں ویپنگ کے مراکز کے خلاف کریک ڈان کا آغاز کرے، بالخصوص لاہور میں موجود تمام غیر قانونی ویپنگ سینٹرز کو بند کیا جائے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں ای سگریٹس کے استعمال سے نشہ کرنے کی عادت فروغ پا رہی ہے جو مستقبل میں مہلک طبی مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ اقدام نوجوانوں کی صحت کے تحفظ اور معاشرتی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔