ایس ایم ای قرضوں کے محتاطیہ ضوابط کے مسودے پر عوام سے مشاورت طلب

جمعرات 5 جون 2025 17:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) بینک دولت پاکستان نے پائیدار، ذمہ دارانہ اور شمولیتی ایس ایم ای قرضوں کو فروغ دینے کی خاطر ایس ایم ای فنانسنگ کے محتاطیہ ضوابط (پروڈینشل ریگولیشنز) کا جامع جائزہ لیا ہے۔ چند نئے ضوابط متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ محتاطیہ ضوابط کو اصولوں پر مبنی بنانے، ایس ایم ای فنانس میں ساختی رکاوٹیں دور کرنے، بینکوں کو ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دلانے اور فن ٹیک اداروں اور غیر مالی خدمات فراہم کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے کئی موجودہ محتاطیہ ضوابط میں بھی ترمیم کی گئی ہے تاکہ ایس ایم ایز کی قرضوں کی ضروریات بہتر طور پر پوری کی جاسکیں۔

محتاطیہ ضوابط کا مسودہ عوامی مشاورت کے لیے سٹیٹ بینک کی آفیشل ویب سائٹ https://www.sbp.org.pk/PR-SME-Financing/PR.asp پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مشاورت کا دورانیہ دو ہفتوں یعنی 5 سے 20 جون 2025ء تک ہوگا۔ عوام سٹیٹ بینک کی ویب سائٹ کے لنک https://www.sbp.org.pk/PR-SME-Financing/PR.asp پر دستیاب فارم کو پُر کرکے [email protected] پر اپنی آراء بھیج سکتے ہیں۔ ان کی آراء ایس ایم ای فنانس کے محتاطیہ ضوابط کو مارکیٹ کی حرکیات سے مزید ہم آہنگ کرنے میں معاون ہوں گی۔سٹیٹ بینک تمام شراکت داروں بشمول بینکوں، کاروباری تجزیہ کاروں، کاروباری انجمنوں اور عوام کو ترغیب دیتا ہے کہ وہ محتاطیہ ضوابط کے مسودے پر اپنی قیمتی رائے سے آگاہ کریں۔